۱۵؍۱۱؍۱۳۹۷ھ
زکوٰۃ کن چیزوں پر فرض ہے ؟
سوال : ۔زکوٰۃ صرف رقم پر ہوتی ہے اور سونے چاندی پر بھی ہوتی ہے ، لیکن اس کے علاوہ پر بھی زکوٰۃ ہے یا نہیں اگر نہیں تو کیوں ؟
جواب :۔شرعا زکوٰۃ صرف سونے چاندی ، نقدی ، مال تجارت ، زرعی پیداوار اور مویشیوں پر فرض ہوتی ہے دوسری چیزوں پر نہیں اور ’’کیوں؟‘‘ کا مختصر جواب یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کا حکم اسی طرح ہے ۔
واللہ سبحانہ اعلم
۵؍۱۱؍۱۳۹۷ھ
سونا اور این، آئی، ٹی۔یونٹ پر زکوٰۃ کا حکم
سوال : ۔میں نے مبلغ بیس ہزار روپے پراویڈنٹ فنڈسے قرض لیا اور اس سے N.I.Tیونٹس اور سونا خرید لیا ، کیا اس پر زکوٰۃ واجب ہوگی ؟ میری عمر ۵۵سال ہے اس بیس ہزار روپے قرض کی قسط اپنی تنخواہ سے ہر ماہ کٹوانا پڑتی ہے ، اور مجھے پراویڈنٹ فنڈ سال کے بعد ملے گا ؟
جواب:۔صورت مسئولہ میں آپ نے جو سونا خریدا اور جو این ،آئی، ٹی۔ یونٹ حاصل کیے ان پر زکوٰۃ آپ کے ذمے واجب ہے آپ نے اپنے پراویڈنٹ فنڈ سے جو رقم لی ہے وہ شرعا قرض نہیں ہے بلکہ اپنے باقی ماہانہ حق کی وصولی ہے ۔
واللہ سبحانہ اعلم