بسم اللہ الرحمن الرحیم
نظامت سے متعلق کچھ ضروری باتیں
نظامت اجلاس کا سب سے اہم رول ہے اسی پر سارے جلسے کا مدار ہوتاہے مجمع کوآخر تک روکے رکھنا اچھی نظامت کاکمال ہے ۔صداقت شعاری ،طلاقت لسانی ، باخبر ذہن ، نستعلیق اشارات ،بے عیب آواز ،صحیح تلفظ، حاضرجوابی ، برجستہ گوئی ،موقع شناسی ،مجمع کی نفسیات سے آگاہی ،فہم عامہ ومہارت تامہ ، مطالعہ کی چٹک اور مشاہدہ کی لگن یہ چیزیںجس طر ح مقرر وخطیب کے لئے ضروری سمجھی جاتی ہیں ،اسی طرح ان تمام چیزوں کا ناظم جلسہ میں ہونا بھی ضروری ہے ،تاہم نظامت اور خطابت میں فرق بھی ہے ،سب سے بڑافرق یہ ہے کہ مقرر کے پاس اپنی بات رکھنے کے لئے تفصیلی وقت ہوتاہے جبکہ ناظم جلسہ کو کم سے کم وقت میں اپنی بات پیش کرنا ہو تی ہے شیریں الفاظ ’پرکشش لہجہ ،مختصر اور باوزن جملے موقع بموقع اشعا ر نظامت کے اجزائے ترکیبی وتحسینی سمجھے جاتے ہیں ۔
چند غور طلب باتیں
میرے خیال سے اناؤنسر کے پاس ایک ڈائری ہونی ضروری ہے جس کو وہ کارِ نظامت میں اپنا معاون بنائے ،کبھی ایسا ہوتا ہے کہ اناؤنسر کسی مقرر یا نعت خواں کے لئے کوئی شعر کہنا سوچتا ہے لیکن عین وقت پر بھول جاتاہے پھر تھوڑی کوشش کر کے اگر کہتابھی ہے توایک مصرع کہہ کر دوسرا یاد نہیںرہتا ،اس لئے جوشعر جب ذہن میں آئے اسے ڈائری میںلکھ لے اور دیکھتا رہے۔ ایسابھی نہ ہوکہ ایک مصرع کہہ کر دوسرے مصرع کے لئے ڈائری کھولنے کی نوبت آئے اگر ایسا ہوا تو اناؤنسر مذاق بن کررہ جا ئیگا ۔