بعض حروفِ غیر عاملہ کے تراجم وتراکیب
(۱)حروفِ غیرعاملہ: وہ حروف ہیں جوعمل نہیں کرتے۔
حروفِ تنبیہ: وہ حروفِ غیرعاملہ ہیں جو مخاطب سے غفلت کودور کرنے کے لیے وضع کئے گئے ہوں، جیسے: أَلَا زَیْدٌ قَائِمٌ (خبردار زید کھڑا ہے)۔
حروفِ تنبیہ کی تعداد اور ان کے تراجم: حروفِ تنبیہ تین ہیں، اَلَا، أَمَا ، ھَا، (خبر دار ، ہوشیار، سنو، کان کھول لو ، بگوش و ہوش سنو، دیکھو، آگاہ ہوجاؤ)۔
ترکیب: أَلَا، حروفِ تنبیہ، زَیْدٌ مبتدا، قَائِمٌ خبر، مبتدا اپنی خبر سے مل کر جملہ اسمیہ خبریہ ہوا۔
فائدہ: ھَا جملہ اسمیہ اور مفردپر داخل ہوتا ہے، جیسے: ھَا زَیْدٌ قَائِمٌ (آگاہ ہو جاؤ زید کھڑا ہے) ہٰذَا، ہٰؤُلَائِ ان دونوں میں ہا مفرد پرداخل ہے۔
{تــمرین ۱۱۹}
مندرجہ ذیل جملوں کاترجمہ اورترکیب کریں:
أَلَا إِنَّ زَیْدًا قَائِمٌ، أَمَا تَأتِیْنَا فَتُحَدِّثَنَا، ھَااِذْہَبْ إِلَی السُّوْقِ، أَمَاتُحِبُّنَا وَنَحْنُ نُحِبُّکَ، أَلَاإِنَّھُمْ ھُمُ الْمُفْسِدُوْنَ، ھَازَیْدٌ قَائِمٌ، أَلَا لَاتَضْرِبْ، أَلَاإِنَّ نَصْرَ اللّٰہِ قَرِیْبٌ، أَمَاالْاُسْتَاذُیَقْدَمُ، أَلاَ لاَتَنْصُرْ، أَمَا لاَ تَفْعَلْ، أَلاَ وَإِنَّ فِيْ الْجَسَدِ مُضْغَۃٌ إِذاصَلُحَتْ صَلُحَ الْجَسَدُ کُلُّہٗ وَإِذَا فَسَدَ فَسَدَ الْجَسَدُ کُلُّہٗ أَلَإ وَھِيَ الْقَلْبُ۔
حروفِ تفسیر: وہ حروفِ غیرعاملہ ہیں جو ماقبل کی تفسیر اور وضاحت کے لیے وضع کئے گئے ہوں، جیسے: اِسْئَلِ الْقَرْیَۃَ أَيْ أَہْلَ الْقَرْیَۃِ (آپ گاؤں سے پوچھ لیجئے یعنی گاؤں والوں سے)۔