سوالات: ⑴ دیوبند والوں کا مسلک کیا ہے؟ کیا اکابر دیوبند میں عشق رسول صلی اللہ علیہ وسلم بھی پایا جاتا ہے؟ ⑵ کیا اکابر دیوبند اولیاء کو نہیں مانتے؟ ⑶ وہابی کون ہوتے ہیں کیا دیوبندی بھی وہابی ہیں؟ ⑷ بعض لوگ کہتے ہیں کہ دیوبند والے اہل سنت والجماعت نہیں ہیں۔ اور یہ بریلوی اور رضاخانی کون ہیں؟
ارشاد فرمایا: اس رمضان سے پہلے رمضان میں ایک حاجی صاحب کا خط آیا میرے پاس، لکھا تھا کہ میں نے خواب میں دیکھا کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم ارشاد فرمارہے ہیں تم دارالعلوم دیوبند میں ملازمت کرلو۔اس کی تعبیر کیا ہے؟ میں نے ان کو جواب لکھا کہ دارالعلوم دیوبند کے جو ارباب حل و عقد ہوں آپ ان سے بیان کیجئے۔ اگر ان کو بھی کوئی بشارت اور خوشخبری ہوئی ہوتو معاملہ آسان ہے۔آپ کی ملازمت ہوجائے گی۔اگر ایسا نہیں ہے تو پھر اس کا مطلب یہ ہے کہ مسلک دارالعلوم کو لازم پکڑلو۔اب وہ مسلک دارالعلوم کیا ہے، وہ پانچ چیزیں ہیں۔
(1) عشق الہیٰ کی سوزش سینے میں ہو اور اللہ کے راستے میں جان دینے کے لئے ہر وقت تیار رہے۔
(2) تمام رسوم شرکیہ سے بچتے ہوئے توحید خالص پر اعتقاد ہو۔
(3)نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت ہر مخلوق کی محبت پر غالب ہو۔
(4)زندگی کا ہر ہر گوشہ اتباع سنت سے منور ہو۔
(5) اشاعت دین کی لگن ہو۔