پانچواں باب
دُرودشریف کے کلمات اور اُن کے فضائل و فوائد
دُرود شریف کا کوئی بھی کلمہ جس میں آنحضرتﷺکیلئے رحمت اور سلامتی کی دُعاء ہو ،اُس کو پڑھا جاسکتا ہے،احادیث و روایات میں اس کے مختلف صیغے اور کلمات ذکر کیے گئے ہیں ،جو بھی آسانی اور سہولت کے ساتھ پڑھا جاسکے وہ پڑھا جاسکتا ہے،البتہ بعض کلمات اجر و ثواب اور فضیلت و منفعت کے اعتبار سے دوسرے بہت سے کلمات سے بہتر اور افضل ہیں ،اِس لئے کوشش یہ کرنی چاہیئے کہ جامع اور افضل کلمات کے ذریعہ دُرود پڑھا جائے تاکہ کم سے کم وقت میں زیادہ سے زیادہ نفع کمایا جاسکے اور اُن میں بھی ایسے کلمات اور صیغوں کو ترجیح اور فوقیت دینی چاہیئے جو احادیث و روایات سے ثابت یا بزرگوں سےمنقول ہیں ،کیونکہ اُن میں برکت اور قبولیت زیادہ ہوتی ہے ۔
ذیل میں اِسی کو مدّنظر رکھتے ہوئےدُرود شریف کے چند ماثورکلمات کومستند کتابوں سے جمع کیا گیا ہے اورساتھ میں اُن کے فضائل اور فوائد کو بھی ذکر کردیا گیا ہے ،تاکہ پڑھتے ہوئے اُن کے فوائد کے حاصل کرنے کا بھی پور اِستحضار رہے اور رغبت و شوق میں بھی اِضافہ ہو ۔
اِس باب میں تسہیل و ترتیب کی غرض سےآٹھ فصلوں میں مختلف عُنوانات کے ساتھ درود شریف کے کلمات کوتقسیم کرکے بیان کیا گیا ہے ۔
٭…………٭…………٭