پہلی فصل
عظیم اَجر وثواب والے دُرود شریف کے مبارک کلمات
دُرود شریف بذاتِ خود ایک عظیم اور انتہائی اجر وثواب کا باعث عمل ہے ،جس کے ذریعہ مختصر اورقلیل وقت میں اجر و ثواب کے بڑے ذخیرے جمع کیے جاسکتے ہیں ۔پھر اِس کے بعض کلمات ایسے بھی نقل کیے گئے ہیں جن کے اجر و ثواب اور بلند مرتبہ فضائل کو خصوصیت کے ساتھ ذکر کیا گیا ہے،ذیل میں ایسے کچھ دُرود شریف ذکر کیے جارہے ہیں ،جن کے ذریعہ عظیم اجر و ثواب کو حاصل کیا جاسکتا ہے۔
﴿سب سے بڑے پیمانے کے ذریعہ ثواب کا حصول﴾
«اَللّٰهُمَّ صَلِّ عَلٰى مُحَمَّدٍ وَّ أَزْوَاجِهِ أُمَّهَاتِ الْمُؤْمِنِيْنَ، وَذُرِّيَّتِهِ وَأَهْلِ بَيْتِهِ كَمَا صَلَّيْتَ عَلٰى آلِ إِبْرَاهِيْمَ إِنَّكَ حَمِيْدٌ مَّجِيْدٌ»
ترجمہ: اے اللہ ! رحمت نازل فرما حضرت محمّد ﷺ پر اور آپ کی اَزواج پر جو کہ تمام مؤمنوں کی مائیں ہیں اور آپﷺکی ذُرّیت اور آپ کے اہلِ بیت پر ،جیساکہ آپ نے رحمت نازل فرمائی حضرت ابراہیم﷤ کی آل پر ، بیشک آپ تعریفوں والے اور بزرگی والے ہیں ۔
فائدہ: نبی کریمﷺنے اِرشاد فرمایا:جو شخص یہ چاہتا ہو کہ جب وہ ہم پر یعنی اہلِ بیت پر درود بھیجے تو اُس کو سب سے زیادہ مکمل اور بڑے پیمانے کے ساتھ ثواب دیا جائے تو اُس کو چاہیئے کہ یہ دُرود پڑھے۔(ابوداؤد:982)(سنن کبریٰ بیہقی: 2866)
٭……………٭……………٭