ادارہ

تعارف و تبصرہ کتب

الیواقیت الحسان فی علوم القرآن تالیف : مولانا کریم بخش مدظلہ
ضخامت: ۲۳۲۰ صفحات(۴ جلد) ناشر: مکتبہ عمر بن الخطاب ،ٹی چوک شاہ رکن عالم کالونی ملتان
اللہ تعالیٰ کے کلام معجز پر اوراس میں وسیع و عمیق گوشوں پر ہر دور و زمانہ میں علماء امت نے تفاسیر کی صورت میں لاتعداد کتابیں لکھ کر امت مسلمہ پر بہت بڑا احسان کیا ہے ، قرآن پاک کی تفاسیر کا یہ سلسلہ صدیوں سے چلا آرہا ہے ، اوررہتی دنیا تک بہت سے لوگوں کی بڑی کاوشوں کی بدولت تشنگان علم کے لئے بھرپور معلومات اور نئی نئی تحقیقات آتی رہیں گی۔
اور یہ صرف کلام اللہ کا اعجاز ہے کہ اس میں ہر دور کے مسائل کا حل غور فکر کرنے سے حاصل ہوتی ہے، اس کی جامعیت و کاملیت کا یہ عالم ہے کہ کتاب اللہ چودہ سو برس سے ہمارے ہاتھوں میں ہے ۔اسی عرصہ میں انسانی ذہن و فکر کے زمین و آسمان بدل گئے ،نظریات و خیالات میں کیسے کیسے انقلاب آگئے، معاشرہ میں کیسی کیسی تبدیلیاں رونما ہوگئیں، کبھی یونانی فلسفہ کا سیلاب آیا، کبھی ہندی فلسفہ کا سامنا ہوا کبھی ایرانی تہذیب نے اپنے دم خم دکھائے اور موجودہ زمانہ میں مغربی تہذیب کا دور عروج پرہیں مگر حیرت ہے کہ ہر دور میں منصف مزاج انسانوں کو اپنی قلبی تسکین کے لئے اگر کوئی نسخہ ہے تو یہ قرآن و تفسیر ہے
الغرض الیواقیت الحسان فی علوم القرآن کی مولانا کریم بخش صاحب نے بفضل خدا تکمیل فرمائی، جس میں انہوں نے بہت سے مضامین اکھٹا کرنے کی کوشش کی مگر پھر حضرت نے خیرالکلام ماقل ودل پر عمل کرتے ہوئے کم الفاظ میں بہت سے بکھرے موتی جمع کئے ہیں، جو علم کی پیاس رکھنے والوں کے لئے ادنیٰ سی سعی ہے ،اور علم التفسیر سے دلچسپی رکھنے والوں کیلئے ایک عظیم تحفہ اور قیمتی سوغات ہے، اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ امت مسلمہ کے لئے نافع ہو، او رحضرت کی یہ خدمت اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے اور توشہ آخرت بنائے (مبصر: مولانابلال الحق مکی)