پیغام
حضرت مولانا مفتی محمد تقی صاحب عثمانی

گرامی قدر مکرم و معظم حضرت مولانا محمد سالم قاسمی صاحب مدظلہم العالی
السلام علیکم ورحمۃ اللہ تعالیٰ وبرکاتہ
کل آں جناب کے برادر مکرم اور استاذ العلماء حضرت مولانا محمد اسلم قاسمی صاحب رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کی وفات حسرت آیات کی خبر سے نہایت صدمہ ہوا۔ (انا للہ و انا الیہ راجعون) کئی بار فون کرنے کی کوشش کی؛ لیکن ایسے مواقع پر فون کا مشغول رہنا مستبعد نہیں ہوتا، چنانچہ فون نہیں مل سکا، ان سطور کے ذریعہ اظہار تعزیت کررہا ہوں ۔
حضرت مولانا رحمۃ اللہ علیہ کی وفات آنجناب کے لئے اور دارالعلوم وقف کے لئے بڑا سانحہ ہے، ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں اور ان کی وفات سے جو خلا پیدا ہوا ہے اس کا پر ہونا آسان نہیں ، خاص طور پر آں جناب کے لئے ان کی مساعدت بڑی تقویت کا باعث تھی، دل سے دعاء ہے کہ اللہ تبارک و تعالیٰ ان کی مکمل مغفرت فرماکر انہیں اپنے مقام قرب میں درجات رفیعہ سے نوازیں ، اللہم اکرم نزلہ ووسع مدخلہ و أسکنہ جنات النعیم المقیم
معلوم ہوا ہے کہ دارالعلوم وقف سے شائع ہونے والا ماہنامہ ’’ندائے دارالعلوم وقف دیوبند‘‘ حضرت مولانا محمد اسلم قاسمی صاحبؒ کی حیات و خدمات پر مشتمل خصوصی اشاعت کا ارادہ رکھتا ہے، یقینا یہ اہم پیش رفت ہے اور یہ شمارہ بعد والوں کے لئے مشعلِ راہ ثابت ہوگا۔
نیز دلی دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آں جناب کو اور پورے اہل خاندان، اہل دارالعلوم، بلکہ پوری علمی و دینی برادری کو صبر جمیل اور اجر جزیل عطا فرمائیں ، ان کے اہل خانہ کو بھی براہِ کرم میرا پیغام تعزیت پہنچا دیا جائے کہ بندہ کا ان سے براہ راست رابطہ نہیں ہے۔

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
نائب رئیس دارالعلوم کراچی، پاکستان