داغ دیئے ہوئے جانور کی قربانی کا کیا حکم ہے؟:
(سوال ۶۷)داغ دیئے ہوئے جانور کی قربانی صحیح ہے یا نہیں ؟ داغ صحت کے لئے دیا جاتا ہے ۔ اس سے گوشت پر کوئی اثرنہیں آتا۔
(الجواب)داغ دیئے جانور کی قربانی بلا کراہت جائز ہے ۔فقط واﷲ اعلم بالصواب۔
خصی بکرے کی قربانی کا کیا حکم ہے؟:
(سوال ۶۸)قربانی کے لئے خصی بکرے کو پسند کرتے ہیں ۔ گرچہ اس میں عیب ہے ۔ اس کی کیا وجہ ہے ؟
(الجواب)آنحضرتﷺنے خصی دنبہ کی قربانی کی ہے ۔ خصی ہونا عیب نہیں ہے۔اس سے گوشت میں کمی نہیں آتی ۔ نیز خصی فریہ ہوتا ہے ۔ اور اس کا گوشت لذیذہوتا ہے ۔(مشکوٰۃ شریف)(۱) فقط واﷲ اعلم بالصواب ۔
جس جانور سے بدفعلی کی گئی ہو اس کی قربانی؟:
(سوال ۶۹) ایک شخص نے بڑے جانور (پاڈی) کے ساتھ صحبت کی ۔ او ر ایک شخص نے اس کی بد فعلی کو بھی دیکھا ۔ تو آیا کیا یہ مفعول جانور قربانی کے لئے جائز ہوگا یا نہیں ؟
(الجواب)ایسے جانور کا گوشت کھانا مکروہ ہے ۔ لہذا اس کی قربانی بھی مکروہ ہوگی۔ بہتر یہ ہے کہ ایسے جانور کو مالک ذبح کر کے جلا وے۔ تاکہ چرچا ختم ہوجائے۔ ورنہ جب بھی لوگ دیکھیں گے بات یا د آجائے گی ۔’’ وتذبح البھیمۃ وتحرق علیٰ وجہ الا ستحباب ولا یحرم اکل لحمھا ۔(شامی ص ۱۵۴ ج۱ کتاب الطہارۃ ابحاث الغسل) وتذبح ثم یحرق ویکرہ الا نتفاع بھا حیۃً ومیۃ (درمختار مع الشامی ص ۲۱۳ کتاب الحدود مطلب فی وطء الدابۃ ج۳ )فقط واﷲ اعلم بالصواب ۔
قربانی کے جانور کی عمر اور دانت:
(سوال ۷۰)ایک جانور کی عمر پوری ہے ۔ لیکن پوری عمر ہونے پر جو دانت نکلتے ہیں وہ نہیں ہیں ۔ تو کیا یہ جانور قربانی کے لئے جائز ہوگا یا نہیں ؟
(الجواب)عمر پوری ہونی ضروری ہے ۔دانت کی علامت ہو یا نہ ہو۔ فقط واﷲ اعلم بالصواب ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
(۱) عن جابر قال ذبح النبی صلی اﷲ علیہ وسلم یوم الذبح کبشین اقرنین املحین موجویئن الخ باب فی الاضحیۃص۱۲۸ )